بنگلورو،17؍مارچ(ایس او نیوز)ودیوتھ نامی نوجوان پر حملے کے الزام میں رفتار رکن اسمبلی این اے حارث کے فرزند محمد نلپاڈ نے سیشن کورٹ اور ہائی کورٹ میں ضمانت نہ دئے جانے کے پیش نظر ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کی پہل کی ہے۔ ودیوتھ پر قاتلانہ حملے کے کیس میں شواہد کو نقصان پہنچانے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے نچھلی عدالت نے محمد نلپاڈ کی ضمانت عرضی خارج کردی تھی، ہائی کورٹ نے بھی اس فیصلے کو برقرار رکھا۔اسے دیکھتے ہوئے محمد نلپاڈ اب ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع ہونے پر غور کررہے ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ این اے حارث نے اس کیلئے معروف وکیلوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ایک سینئر وکیل کی طرف سے عنقریب سپریم کورٹ میں عبوری ضمانت یا مکمل ضمانت کی عرضی دائر کی جائے گی،اور عدالت کے حکم کے مطابق آگے کی کارروائی کی جائے گی۔